آصف علی زرداری 31

شہید ذوالفقار علی بھٹو کی زندگی اور قیادت نے پاکستان کی تاریخ پر گہرے اثرات مرتب کئے ، صدر آصف علی زرداری

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 98 ویں یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج شہید ذوالفقار علی بھٹو کے یوم پیدائش کی سالگرہ کے موقع پر ہم ایک ایسے بلند پایہ سیاستدان کو خراجِ عقیدت پیش کررہے ہیں جن کی زندگی اور قیادت نے پاکستان کی تاریخ پر گہرے اثرات مرتب کئے۔ اتوار کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ہماری قومی سیاسی تاریخ میں ایک عہد ساز شخصیت بن کر ابھرے اور آج بھی ایک دائمی مسحور کن اور متاثر کن شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد انصاف، مساوات اور تمام شہریوں کو بااختیار بنانے کے وژن کے ساتھ رکھی۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے1973 میں متفقہ طور پر منظور ہونے والا پہلا آئین بنایا جو ملک کی پارلیمانی جمہوریت اور وفاقی نظام کی بنیاد ہے۔شہید ذوالفقار علی بھٹو نے محروم طبقات کے حقوق کےلئے جدوجہد کی اور بے آوازوں کو آواز دی۔ انہوں نے زرعی اصلاحات، مزدوروں کے تحفظ اور تعلیم و عوامی خدمات کے فروغ کے ذریعے کسانوں، محنت کشوں، خواتین اور پسماندہ طبقات کےلئے مواقع اور باوقار زندگی کو وسعت دینے کی کوشش کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے کلیدی معمار بھی تھے، جس نے ہماری خودمختار دفاعی صلاحیت اور دائمی قومی سلامتی کی بنیاد رکھی۔ ان کی مدبرانہ قیادت نے پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی کو مضبوط کیا اور دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو ایک نئی منزل تک پہنچایا۔ انہوں نے 1974 کی تاریخی اسلامی سربراہی کانفرنس کی میزبانی بھی کی جس سے عالمِ اسلام میں تعاون اور یکجہتی کو بے پناہ تقویت ملی۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آج کے دن ہم نہ صرف ان کی عظیم خدمات کو یاد کررہے ہیں بلکہ مشکلات کے مقابلے میں ان کے عزم، حوصلے اور جمہوری اقدار سے غیر متزلزل وابستگی کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

آج ہمیں اس عظیم رہنما کی اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی غیر معمولی صلاحیت کو بھی فراموش نہیں کرنا چاہیے جس کے نتیجے میں نہایت قلیل مدت میں پاکستان کا پہلا جمہوری، وفاقی اور پارلیمانی آئین تشکیل پایا۔ یہ آئین پہلی دستور ساز اسمبلی کے مرتب کردہ ”ایک فرد، ایک ووٹ“ کے اصول کے تحت بنایا گیا۔صدر مملکت نے کہا کہ آج قوم کو اس نوعیت کا اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی پہلے سے بھی کہیں زیادہ ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی زندگی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ قوم کی ترقی کا دارومدار قومی عزم، عوامی شمولیت اور عوام کی خدمت کے حوصلے پر ہوتا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کو98 ویں یوم پیدائش کے موقع پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے آئیے ہم ان کے انصاف پر مبنی، جمہوری اور روشن مستقبل کے حوالے سے پاکستان کے وژن کو آگے بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔ دعا ہے کہ ان کی سیاسی اور علمی میراث ہمیں امن، خوشحالی اور قومی اتحاد کےلئے کی جانے والے اجتماعی کوششوں میں مسلسل رہنمائی فراہم کرتی رہے۔پاکستان زندہ باد۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں