اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک عہد ساز، مدبر اور عوام دوست رہنما تھے جنہوں نے پاکستان کی جمہوری، سماجی اور دفاعی بنیادوں کو مضبوط بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا،شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریات، ان کے پیغامِ امید اور عوام سے وابستگی کو یاد کرتے ہوئے ہمیں اس عہد کی تجدید کرنی چاہیے کہ ہم آئین و جمہوری اصولوں کی روشنی میں ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
ہفتہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق بانی پاکستان پیپلز پارٹی اور سابق وزیرِ اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 47ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک عہد ساز، مدبر اور عوام دوست رہنما تھے جنہوں نے پاکستان کی جمہوری، سماجی اور دفاعی بنیادوں کو مضبوط بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک میں جمہوریت کو مستحکم کیا اور عوام کو حقیقی معنوں میں اقتدار کا سرچشمہ بنایا۔ ان کی قیادت میں 1973 کا متفقہ آئین تشکیل پایا جو آج بھی پاکستان کے جمہوری نظام، وفاقی استحکام اور عوامی حقوق کی ضمانت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھٹو شہید نے آئین کی بالادستی، جمہوری اقدار اور عوامی حقوق کے لیے ہمیشہ اصولی جدوجہد کی اور کسانوں، ہاریوں، مزدوروں اور خواتین کی موثر آواز بنے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ شہید بھٹو کی بصیرت افروز قیادت اور انقلابی سوچ نے پاکستان کو ترقی، خودانحصاری اور عوامی فلاح کی راہ پر گامزن کیا۔
انہوں نے پسماندہ طبقات کو قومی دھارے میں شامل کر کے انہیں بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے، جس کے نتیجے میں صنعت، معیشت اور تعلیم کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت ہوئی۔انہوں نے کہا کہ دفاعِ وطن کو مضبوط بنانے کے لیے شہید بھٹو کے تاریخی فیصلے، خصوصاً پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھنا، قومی سلامتی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوا۔
اسی طرح ان کی متحرک خارجہ پالیسی نے پاکستان کو عالمی سطح پر باوقار اور خودمختار شناخت دی، جبکہ اسلامی سربراہی اجلاس کی میزبانی نے امتِ مسلمہ کے اتحاد کو فروغ دیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ شہید بھٹو کی خدمات کا اعتراف نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی کیا جاتا ہے۔
ان کی جدوجہد، قربانیاں اور عوامی خدمت کا جذبہ آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے، اور ان کے افکار پر عمل پیرا ہو کر ملک میں سماجی انصاف، جمہوری استحکام اور قومی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جمہوریت کے فروغ، خواتین کو بااختیار بنانے اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے مثالی جدوجہد کی اور مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم بن کر نئی تاریخ رقم کی۔
سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے جمہوری روایات کو مستحکم کرتے ہوئے پارلیمانی نظام کو تقویت دی، جبکہ 18ویں آئینی ترمیم جیسے اقدامات نے صوبوں کو خودمختاری اور یکساں حقوق کی فراہمی یقینی بنائی۔
انہوں نے اس امر پر بھی روشنی ڈالی کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نوجوان قیادت کے طور پر جمہوری اقدار اور عوامی خدمت کے فروغ کے لیے متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جن کی مثال ملکی تاریخ میں کم ملتی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارٹی اپنی قیادت کے مشن کے مطابق عوامی خدمت، سماجی انصاف اور جمہوری استحکام کے سفر کو جاری رکھے گی۔آخر میں انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریات، ان کے پیغامِ امید اور عوام سے وابستگی کو یاد کرتے ہوئے اس عہد کی تجدید کرنی چاہیے کہ ہم آئین و جمہوری اصولوں کی روشنی میں ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔









