فیصل کریم کنڈی 37

شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان میں جمہوریت، عوامی حقوق اور خودمختاری کی بنیاد رکھی، گورنر خیبرپختونخوا

پشاور(رپورٹنگ آن لائن)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک عظیم قومی رہنما تھے جنہوں نے پاکستان میں جمہوریت، عوامی حقوق اور خودمختاری کی بنیاد رکھی۔ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین دیا اور عام آدمی کو سیاست میں آواز دی۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کی سیاسی بصیرت آج بھی ملک کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ شہیدذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو بااختیار بنانے اور پاکستان کو ایک مضبوط، خوددار ریاست بنانے کےلیے جدوجہد کی، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے والد کے عظیم مشن کے لیےشہادت قبول کی ، صدرمملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اسی مشن کی تکمیل میں آج بھی سرگرم عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں آج بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریات پر کاربند ہے اور انہی کے وژن کے مطابق عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت شہید ذوالفقار علی بھٹو کے فلسفہ سیاست کو آگے بڑھاتے ہوئے ملک میں جمہوریت کے استحکام، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور ان کے نظریات کی روشنی میں ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں