اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سابق وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی تاحیات جدوجہد کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا نظریہ اور وژن ہمیشہ زندہ رہے گا۔
بے نظیر بھٹو کی برسی پر اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ بینظیر بھٹو کی پاکستان کے لیے قومی اور سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے انہیں امید، استقامت اور جمہوری اصولوں سے غیر متزلزل وابستگی کی علامت قرار دیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کو عوام کی طاقت پر پختہ یقین تھا، انہوں نے ایک پرامن، ترقی پسند اور جمہوری پاکستان کے لیے اپنی جان قربان کر دی۔
انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو کا وژن ملک کی تمام جمہوری قوتوں کے لیے آج بھی رہنمائی کا کام دے رہا ہے،وہ کارکنوں، کسانوں اور معاشرے کے پسماندہ طبقات کو قومی ترقی کی حقیقی بنیاد سمجھتی تھیں۔محسن نقوی نے کہا کہ ان کا خواب ایک ایسے پاکستان کا تھا جہاں ہر شہری کی عزت نفس کا تحفظ ہو اور جمہوریت مضبوط ہو۔انہوں نے کہا کہ آج صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری شہید بینظیر بھٹو کی سیاسی ورثہ کو آگے بڑھا رہے ہیں،ان کا نظریہ آج زندہ ہے اور کل بھی زندہ رہے گا۔









