پشاور(رپورٹنگ آن لائن)عوامی نیشنل پارٹی کے صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے شہید بشیر بلور کی 13 ویں برسی کے موقع پر بشیر احمد بلور کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ شہید بشیر احمد بلور پختون قوم کیلئے بہادری، خدمت اور قربانی کی زندہ مثال تھے،شہید بشیر بلور کی دہشت گردی کے خلاف جدوجہد مشعلِ راہ ہے،باچا خان کے پیروکار کبھی ظلم اور دہشت کے آگے سر نہیں جھکاتے۔
ایمل ولی نے کہا کہ 13ویں برسی کے موقع پر شہید امن بشیر احمد بلور کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ،پختون سرزمین پر قیامِ امن کیلئے شہید بشیر بلور کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، آج صوبے کے عوام عدم تحفظ، ناانصافی اور دہشت گردی کے نرغے میں ہیں،صوبائی اور وفاقی حکومتیں دہشت گردی کے خاتمے اور قانون کی بالادستی میں ناکام ہو چکی ہیں،پختونوں کا خون بہہ رہا ہے، دہشت گرد اور ان کے سہولت کار آزاد گھوم رہے ہیں،
حکمران ذاتی مفادات اور سیاسی رسہ کشی میں مصروف ہیں، حکمران عوام کے تحفظ کو نظر انداز کر رہے ہیں، اے این پی امن، جمہوریت اور انسانی وقار کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی، اے این پی باچا خان کے عدم تشدد کے فلسفے پر قائم ہے، دہشت گردی کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔۔









