عظمی بخاری

شہزاد اکبر کے یہ پکوڑے والے کاغذ ہر جگہ کام نہیں آتے، عظمی بخاری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) مسلم لیگ(ن)پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے کہا ہے کہ شہبازشریف نے دس سال پنجاب کی خدمت کی، شہزاد اکبر کے یہ پکوڑے والے کاغذ ہر جگہ کام نہیں آتے، انہی کاغذات کی بنا پہ این سی اے نے اٹلی، یو ای اے، امریکہ اور برطانیہ میں تحقیقات کیں، الحمد اللہ شہبازشریف وہاں سے بھی انٹرنیشنل صادق و امین ڈکلیئر ہوئے، شہبازشریف اور حمزہ شہباز چار سال سے عدالتوں میں پیشیاں بھگت رہے ہیں ۔

عظمی بخاری نے ترجمان پنجاب حکومت کے بیان ردعمل دیتے ہو ئے کہا کہ شہبازشریف عمران خان کے دورحکومت میں دو بار اور حمزہ شہباز دو سال جیل کاٹ چکے ہیں جبکہ عمران خان اور عثمان بزدار سے ایک ایک رات جیل میں نہیں گزاری جانی۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے نے شہبازشریف پہ وہی کیس بنایا جس میں نیب کو ڈھائی سال سے کچھ نہیں مل سکا، شہبازشریف کےخلاف منی لانڈرنگ کیس کی حقیقت بشیر میمن نے عیاں کردی ہے۔ عظمی بخاری نے کہا کہ شہزاد اکبر ہر دوسرے دن ایف آئی اے لاہور آفس کے چکر لگاتا تھا لیکن ایف آئی اے شہبازشریف کےخلاف ایک بھی ثبوت نہیں دے سکا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف سپریم کورٹ،لاہور ہائیکورٹ اور احتساب عدالت سے سرخرو ہوچکے ہیں، صاف پانی کمپنی کیس میں لاہور کی احتساب عدالت کا فیصلہ چیئر مین نیب کےخلاف چارج شیٹ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہبازشریف نے دس سال پنجاب کی خدمت کی اور ایک ہزار اب سے زائد کی بچت کی ، منتخب عوامی نمائندوں پر منی لانڈرنگ جیسے الزامات عمران خان ٹولے کی سازش کا حصہ تھے۔