لاہور (رپورٹنگ آن لائن) مسلم لیگ (ن)کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ شہزاد اکبر عنقریب فارغ ہونے والے ہیں، شہزاد اکبر نالائق اکبر ہے، تین سال سے ناکام ہورہا ہے ، سر توڑ کوشش کر رہا ہے کسی طرح شہباز شریف کو گرفتار کروا دے، ڈیڑھ ڈیڑھ گھنٹے کی پریس کانفرنس کرتا ہے لیکن ثبوت کوئی عدالت میں پیش نہیں کرتے۔
احتساب عدالت کے باہر لیگی رہنما عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہزاد اکبر عنقریب فارغ ہونے والے ہیں جبکہ انکی جگہ ایک شخص انٹرویو بھی دے چکا ہے، حمزہ شہباز نے بریت کی درخواست واپس لے لی ہے، حمزہ شہباز نیب کے دونوں ترامیم کا فائدہ نہیں لینا چاہتے یہ ترامیم حکومت نے اپنے فائدے کے لیے کروائی ہیں، یہ این آر او ہے اور ہم اس این آر او کا حصہ نہیں بنیں گے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ حکومت انتقام کی سیاست کر رہی ہے حمزہ شہباز 2 سال پابند سلاسل رہے، رمضان شوگر ملز کیس میں ثابت کریں گے ہمارا کوئی کردار نہیں ہے۔ لیگی رہنما نے کہا کہ مری سانحے سے متعلق اسمبلی کا اجلاس کل ہماری ریکوزیشن پر بلایا گیا ہے، یہ انتہا کا ظلم ہے کہ چند افراد کو او ایس ڈی بنا کر اصل ذمے داران کو چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سانحہ مری رپورٹ کو مسترد کرتے ہیں، اصل ذمے داران کو کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سکون کی نیند سو رہے تھے جب مری میں لوگ ٹھٹھر کر مر رہے تھے۔