کراچی(رپورٹنگ آن لائن) شہر قائد میں خسرہ کے کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، رواں سال سندھ بھر میں 2 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے مختلف حصوں میں خسرہ کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جہاں رواں سال سندھ بھر میں 2 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ان میں سے تقریباً 900 کیسز کراچی سے سامنے آئے ہیں جو کہ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق ایک سنگین صورتحال کو ظاہر کرتے ہیں۔
سرکاری اسپتالوں میں خسرہ کے مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور یومیہ 4 سے 6 مریض اسپتالوں میں آ رہے ہیں۔اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ زیادہ تر متاثرہ بچے 5 سال سے کم عمر کے ہیں۔ خسرہ کے سبب کچھ بچے نمونیہ میں مبتلا ہوکر اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جب کہ خسرہ ایک وائرل بیماری ہے جو زیادہ تر بچوں کو متاثر کرتی ہے۔طبی ماہرین کے مطابق حفاظتی ٹیکے نہ لگوانے والے بچے خسرہ کا شکار ہو جاتے ہیں اور اس کی ابتدائی علامات میں نزلہ، زکام، کھانسی اور خارش شامل ہیں۔
ماہرین نے خبردار کیاکہ خسرہ قوت مدافعت کو شدید متاثر کرتا ہے اور اگر اس کی شدت بڑھ جائے تو یہ نمونیا کا باعث بھی بن سکتا ہے جو جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ڈاکٹر خالد شفیع نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو خسرہ سے بچائو کی ویکسین ضرور لگوائیں تاکہ اس مہلک بیماری سے بچا جا سکے۔