جنرل ہسپتال

شہری حفاظتی ماسک ضرور پہنیں، کورونا ایک وبا ہے احتیاط جس کی شفاء ہے کے سلوگن کو عام کیا جائے،پرنسپل پی جی ایم آئی

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پنجاب حکومت کے ویژن “صحت سب کیلئے “پر عملدرامدمیں لاہور جنرل ہسپتال آگے نکل گیا۔پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر کو بریفنگ دیتے ہوئے فوکل پرسن ایمرجنسی ڈاکٹر لیلیٰ شفیق نے بتایا کہ 2021کی پہلی سہہ ماہی کے دوران ایمرجنسی میں ایک لاکھ 86ہزار 876مریض آئے جنہیں مفت طبی و تشخیصی سہولیات بہم پہنچائی گئیں۔ پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے علاج معالجہ کی بروقت فراہمی یقینی بنانے پر ڈاکٹرز، نرسز و پیرا میڈکس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے اسی جذبہ اور پیشہ وارانہ لگن کے ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت جاری رکھیں۔ پروفیسر الفرید ظفر نے ہسپتال میں قائم پولیو کاؤنٹرز کا بھی جائزہ لیا اور عملے کو تلقین کی کہ وہ بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کیلئے والدین کی کونسلنگ بھی کیاکریں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ حفاظتی ماسک ضرور پہنیں کیونکہ کورونا ایک وبا ہے احتیاط جس کی شفاء ہے کے سلوگن کو عام کیا جائے تاکہ لوگ کورونا وائرس کی تیسری لہر سے محفوظ رہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوری تا مارچ تک ایمرجنسی مریضوں کے اعدادوشمار ایل جی ایچ کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جنرل ہسپتال ڈاکٹر عبدلرزاق،ڈاکٹر لیلیٰ شفیق، نرسنگ سپروائزر انور سلطانہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔پروفیسرسردار محمد الفرید ظفرنے ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکس کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کے باوجود میڈیکل کے شعبے سے وابستہ افراد کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے مریضوں کی خدمت سر انجام دے رہے ہیں اور دوسروں کی زندگیاں بچانے کی سر توڑ کوشش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شعبہ حادثات اور آؤٹ ڈور میں روزانہ مریضوں کو بڑی تعداد میں طبی سہولیات بہم پہنچائی جا رہی ہیں۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق شعبہ حادثات میں آنے والے مریضوں کی آپریشن کا سامان، ادویات، سی ٹی سکین، و دیگر تشخیصی ٹیسٹوں پر ایک پائی بھی خرچ نہیں ہوتی۔انہوں نے تمام انتظامی ڈاکٹرز پر زور دیا کہ وہ صبح، شام اور رات کے اوقات میں مریضوں کے بستر پر جا کر اُن کی خیریت دریافت کرنے کے ساتھ طبی سہولیات کے بارے میں بھی آگاہی حاصل کیا کریں اور اپنے فرائض کی انجام دہی سارا سال اسی لگن اور محنت کے ساتھ جاری رکھیں۔