کھیل

شہرقائد میں بیڈمنٹن کھلاڑیوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)یومِ دفاع کے موقع پر سندھ حکومت کے محکمہ کھیل کے زیرِ اہتمام یوتھ کلب گلستان جوہر میں اسکواڈرن لیڈر سرفراز احمد شہید اسپورٹس ایونٹ کا ہفتہ کے روز انعقاد کیا گیا، جس میں گرلز اور بوائز کھلاڑیوں نے بیڈمنٹن اور ٹیک بال کے مقابلوں میں بھرپور شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ ایسٹ اسپورٹس افسر اسماعیل شاہ کی نگرانی میں منعقدہ ایونٹ میں بیڈمنٹن کے مقابلوں میں 130مرد اور 70 خواتین کھلاڑی جبکہ ٹیک بال میں 30 کھلاڑی شریک ہوئے۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل سیکریٹری اسد اسحاق تھے، جبکہ پاک ترک مارف انٹرنیشنل اسکول و کالجز کے ریجنل ڈائریکٹر عبداللہ گنز اور ڈپٹی ڈائریکٹر امورِ نوجوانان سید حبیب اللہ بھی شریک ہوئے۔ ایونٹ میں قومی اور انٹرنیشنل سطح پر جیتنے والے کھلاڑیوں نے بھی حصہ لیا جنہیں شرکا کی جانب سے زبردست داد دی گئی. مقابلوں کے نتائج کے مطابق گرلز بیڈمنٹن میں پہلی پوزیشن حبا اور ثمرین نے حاصل کی جبکہ دوسری پوزیشن اجوا اور صبیحہ لغاری کے حصے میں آئی۔

بوائز بیڈمنٹن میں سمیع اللہ ہاشمی اور عباد خان نے پہلی جبکہ ذیشان اور کاشف نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ گرلز ٹیگ بال میں عدیلہ پہلی اور مصورا دوسری آئیں، جبکہ بوائز ٹیگ بال میں محبوب نے پہلی اور فرحان نے دوسری پوزیشن اپنے نام کی۔کامیاب کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، اسناد اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکریٹری اسد اسحاق نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں صحت مند معاشرے کے لیے نہایت ضروری ہیں، حکومت سندھ نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد بھی دی۔