لاہور (رپورٹنگ آن لائن) نامور اداکارہ مہک نور نے کہا ہے کہ شہرت حاصل کرنا زیادہ اہمیت کا حامل نہیں ،اپنے فن کے ذریعے اس کو برقرار رکھنا ہی اصل کمال ہے، میں فلم ٹی وی ،اسٹیج اور ماڈلنگ میں ایسا کام کرنا چاہتی ہوں جس کو لو گ ہمیشہ یاد رکھیں۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج جس طرح ملکہ ترنم نو رجہاں دنیا سے جانے کے باوجود اپنے فن کے ذریعے لوگوں کے دلوں میں چھائی ہوئی ہیں ، میری خواہش ہے کہ میرا بھی ایسا ہی نام ہو ۔
شوبز سے وابستہ لیجنڈ فنکار اپنے پرستاروں کے دلوں میں بستے ہیں اور میں بھی اپنے فن کے ذریعے اپنے پرستاروں کے دلوں پر راج کرنا چاہتی ہوں ۔ مہک نور نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مجھ میں دکھی انسانیت کی خدمت کا شوق موجود ہے اور جہاں تک ہوسکے اس کار خیر میں عملی طور پر حصہ لیتی ہوں۔ انہوںنے کہاکہ عام پاکستانیوں کی طرح میری بھی خواہش ہے کہ پاکستان سے کرپشن ، بدامنی ،مہنگائی ، بے روزگاری کا خاتمہ ہو اور ملک میں ہر شخص کو انصاف ،صحت اور تعلیم کی سہولتیں میسر ہوں تاکہ دنیا میں ہم ایک فلاحی ریاست کا تصور برقرار رکھ سکیں ۔