لاہور (رپورٹنگ آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے صدر سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پنجاب پولیس کی طرف سے (ن) لیگی کارکنان کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سیاست کی بجائے انتقام پر اتر آئی ہے‘ کارکنان پر تشدد کرنا اور انہیں ہتھکڑیاں لگانا حکمرانوں کی فسطائی سوچ کا منہ بولتا ثبوت ہے‘ بے گناہ گرفتار کئے گئے تمام کارکنان کو جلد رہا کروالیا جائے گا۔
بدھ کو صدر مسلم لیگ (ن) میاں شہباز شریف نے مریم نواز شریف کی نیب آفس لاہور میں پیش پر ہنگامہ آرائی میں گرفتار پارٹی رہنماﺅں اور کارکنان کو پولیس کی جانب سے ہتھکڑیاں لگا کر پیش کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی کارکنان کے ساتھ دہشت گردوں جیسا سلوک افسوسناک ہے اور کارکنان پر تشدد انہیں ہتھکڑیاں لگانا حکمرانوں کی فسطائی سوچ کا ثبوت ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت سیاست کو ذاتی انتقام میں بدل رہی ہے جو افسوسناک ہے اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی رہائی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ کارکنوں کے عزم اور ہمت پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب کو سلام پیش کرتا ہوں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے جواں ہمتوں نے عوام دشمن حکومت کو خوفزدہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاﷲ ناحق گرفتار کارکنان جلد رہا ہوں گے۔ ہمارے وکلاءقانونی طور پر ہر پہلو کا جائزہ لے رہے ہیں