اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر اور قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف نے محسن پاکستان ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان کے انتقال پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے جوہری پروگرام کے معمار کی وفات ایک قومی صدمہ ہے، حکومت قومی سوگ کا اعلان کرے، ڈاکٹر عبد القدیر خان پاکستان کے دفاع اور سلامتی کی ایک قابلِ فخر تاریخ اور جدوجہد کا نام تھا، ان کی تمام زندگی پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں صرف ہوئی، پاکستان اور قوم ہمیشہ ان کی احسان مند رہے گی۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ ان کی زندگی پاکستان سے محبت کی کہانی ہے، اسلام اور پاکستان ہی ان کا مطمع نظر رہے، ڈاکٹر عبد القدیر خان نے پاکستان اور اس کے مفادات کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں، انہوں نے مادی مفادات کے بجائے پاکستان کے لئے کام کرنا پسند کیا۔ شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ اللہ تعالی پاکستان کے لئے ان کی خدمات کو توشہ آخرت بنا دے۔ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔