مریم اورنگزیب

شہباز شریف پر پنجاب اور عوام کی خدمت کرنے کی فرد جرم عائد کی گئی ‘ مریم اورنگزیب

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے شہباز شریف پر فرد جرم عائد کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کرپشن پر نہیں بلکہ شہباز شریف پر پنجاب اور عوام کی خدمت کرنے کی فرد جرم ہے ،آٹا چینی چوروں ،بی آر ٹی کے 126 ارب کے کھڈوں ،فارن فنڈنگ کیس، 23 خفیہ اکائونٹس ،ہیلی کاپٹر، مالم جبہ، بلین ٹری سونامی کیس میں فرد جرم کیوں عائد نہیں ہوتی؟ ۔

مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام شہباز شریف پرنیب نیازی گھٹ جوڑ کی فرد جرم عائد کرنے کو مسترد کرتی ہے ،شہباز شریف پر فرد جرم لگانا ضروری ہے کیونکہ سلیکٹڈ ٹولہ ہر محاذ پر ناکام ہوچکا ہے ،شہباز شریف پر فرد جرم لگانا ضروری ہے تاکہ مہنگائی کی بات نہ ہو،فرد جرم لگانا ضروری ہے تاکہ سقوط کشمیر کی بات نہ ہو،عوام ایک کروڑ نوکری اور پچاس لاکھ گھر دینے والے جھوٹے ووٹ چوروں پر فرد جرم عائد کر چکی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام ووٹ آٹا چینی دوائی چور نالائق اور نااہلوں پر فردجرم عائد کر چکی ہے ،عوام مہنگائی 3 فیصد سے 15 فیصد کرنے والے چوروں پر فرد جرم عائد کر چکی ،ترقی کی شرح 6 فیصد سے منفی کرنے والے چوروں اور جھوٹوں ،میڈیا کی آواز بند کرنے والوں پر فرد جرم عائد کر چکی ہے۔