امیر جماعت اسلامی

شہباز شریف بتائیں کوئی شخص کم سے کم اجرت 37 ہزار میں اپنا گھر کیسے چلائے، حافظ نعیم

راولپنڈی (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ شہباز شریف بتائیں کوئی شخص کم سے کم اجرت 37 ہزار میں اپنا گھر کیسے چلائے۔

دھرنا کے شرکاء سے خطاب میںحافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مجموعی طور پر کسی کی خواہش نہیں ہوتی کہ گھر بار چھوڑ کر سڑکوں پر بیٹھ جائے، بجلی کے بل صرف جماعت اسلامی کا نہیں پورے ملک کا مسئلہ ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پْرامن سیاسی جدوجہد کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، جب پارلیمنٹ اور ادارے کام نہ کر رہے ہوں تو احتجاج کرنا آئین کے تحت ہمارا حق ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ غریب آدمی بجلی کی قیمت کیسے ادا کرے گا، بجلی کے بلوں میں ہر صورت کمی چاہیے، ملک کے غریبوں کے پاس ایک راستہ ہے کہ جماعت اسلامی کے احتجاج کا حصہ بنیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ طلبہ، وکلاء ، تاجروں و صنعتکاروں سے اپیل ہے کہ وہ اس تحریک کا حصہ بنیں، قوم سے آئی پی پیز کے معاہدے چھپائے گئے، پاکستان میں تنخواہ دارطبقہ بھارت کے مقابلے میں زیادہ ٹیکس ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جاگیردار اور سرمایہ دار ہمارے فیصلے بھی کر رہے ہیں، دفاعی بجٹ سے زیادہ آئی پی پیز کے کیپسٹی چارجز ہوگئے ہیں۔