شہباز شریف

شہبازشریف کی مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی بربریت کی شدید مذمت

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے ظلم سے بھارت کشمیریوں کو غلام بناسکا ہے، نہ بنا سکے گا، آزادی کشمیر کا مقدر ہے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ان کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں ،کشمیریوں کی ماورائے عدالت شہادتوں پر عالمی برادری کی خاموشی سے بھارتی جرائم کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے ،محصور کشمیریوں کی شہادتیں عالمی ضمیر، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے اداروں کے لئے چیلنج ہیں۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہا 5 اگست2019 سے کشمیریوں کے قتل عام کی شدید لہر جاری ہے، گھر اور املاک گرائی جارہی ہیں ، اقلیتوں بالخصوص مسلم کش اقدامات نے دنیا میں بھارت کو انتہائپسند اور عدم برداشت والا ملک بنادیا ہے ،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر حل کیاجائے ،مقبوضہ جموں وکشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کی شہادتوں سے جنوبی ایشیائاور دنیا کا امن خطرے میں ہے۔