لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں خوفناک زلزلے سے ہونے والے نقصانات پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد دکھ اور افسوس ہے، جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔
جمعرات کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہنگامی صورتحال کا تقاضا ہے کہ وفاق بلوچستان میں بھرپور امدادی کارروائیاں کرے، ہیلی کاپٹرز کے ذریعے شدید زخمیوں کو ملک کے دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا جائے تاکہ زندگیاں بچ سکیں، وفاقی حکومت امدادی کارروائیوں میں قائدانہ کردار ادا کرے اور ہنگامی امداد کے ادارے بھرپور طور پر متحرک ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اولین ترجیح لوگوں کی زندگیاں بچانے، محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور شیلٹر وخوراک کی فراہمی پر دی جائے، اس سے قبل بھی قوم زلزلے کی قیامت خیزی اور اس کے شدید نقصانات دیکھ چکی ہے، اللہ تعالی ہم پر رحم فرمائے۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کے زلزلہ متاثرین سے پوری قوم بھرپور یکجہتی کا اظہار کرے اور امدادی کارروائیوں میں اپنا حصہ ڈالیں، پارٹی رہنما اور کارکنان امدادی کارروائیوں میں ہاتھ بٹائیں اور اداروں کے ساتھ مل کر معانت کریں، وفاقی حکومت صوبائی حکومت کی مشاورت سے متاثرین زلزلے کے لئے خصوصی پیکج کی تیاری پر کام شروع کرے۔ شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ اللہ تعالی مرحومین کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرجمیل دے۔