شہبازشریف

شہبازشریف نے کشمیرپر ریفرنڈم کرانے کاوزیراعظم عمران خان کا بیان مسترد کردیا

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کشمیرپر ریفرنڈم کرانے کاوزیراعظم عمران خان کا بیان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کی بات کر کے پاکستان کے تاریخی اور آئینی موقف سے انحراف کر رہے ہیں۔

ہفتے کو اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ تنازعہ جموں وکشمیر پر پاکستان کے تاریخی موقف اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں سے ہٹ کر کوئی موقف پوری قوم مسترد کرتی ہے،عمران نیازی کے بیان سے وہ خدشات ثابت ہوگئے ہیں جو 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات سے قوم کے سامنے پہلے ہی آچکے ہیں انہوں نے کہا کہ تنازعہ جموں وکشمیر کا فیصلہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں شفاف، آزادانہ استصواب رائے کے ناقابل تنسیخ حق سے ہوگا،

پاکستان اور کشمیر کے عوام کا یہی موقف ہے،شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی مرضی اور مشاورت کے بغیر کوئی حل ان پر ٹھونسنا بھارت کی مدد کرنا اور کشمیر کاز سے غداری کے مترادف ہے۔