شہبازشریف

شہبازشریف نے معاشی دیوالیہ پن کی اطلاعات پر خطرے کی گھنٹی بجا دی

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک کے معاشی طور پر دیوالیہ ہونے کی خبریں عالمی میڈیا سے آرہی ہیں جو اضطراب اور پریشانی کا باعث ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شہبازشریف نے معاشی دیوالیہ پن کی اطلاعات پر خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصل خطرہ یہ ہے کہ خدانخواستہ ملک ڈیفالٹ کرگیا تو کیا ہوگا؟ خبردار کرتا ہوں کہ اگر ملک معاشی طور پر دیوالیہ ہوا تو اس کے ذمہ دارعمران نیازی ہوں گے۔

شہبازشریف نے کہا ہے کہ معاشی طور پر ہم تباہ ہوگئے تو کسی کو کوئی عالمی سازش کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، اصل سازش اندر سے حکومت کرچکی ہے، معاشی ماہرین اورعالمی پیش گوئیاں ہورہی ہیں کہ عدم استحکام جاری رہا تو ڈالر 200 روپے سے اوپرچلاجائے گا، ڈالر کی قیمت186 روپے سے اوپر جارہی ہے جو ملک کے لئے نیک فال نہیں، اس کے نتیجے میں جو خطرناک صورتحال جنم لے گی وہ ہماری ہنگامی توجہ کی مستحق ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی صورتحال کے پیش نظر آنے والے دنوں میں مہنگائی کی قیامت مزید بڑھ جائے گی، ملک معاشی طور پر مضبوط ہو تو ہر مشکل صورتحال اور ہر سازش کا مقابلہ کرسکتا ہے۔ شہبازشریف نے کہا ہے کہ اصل سازش عمران نیازی نے پاکستان کی معیشت کی تباہی کی صورت میں کی ہے، خدانخواستہ ملک کی معاشی سلامتی خطرات سے دوچار ہوئی تو اس کا ناقابل تلافی نقصان ہوگا ، کراچی چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اپنے بیان کے ذریعے اس خطرے کی طرف توجہ دلائی ہے، اپنی اقتدار کی ہوس میں عمران نیازی اس اصل خطرے سے توجہ ہٹانے کی کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ماہ میں غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 4.3 ارب ڈالر یعنی 430 کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی ہے، عمران نیازی کے دور میں یہ افسوسناک تاریخ رقم ہوئی، تباہ کن معاشی حالات کا اندازہ لگایاجاسکتا ہے۔

شہبازشریف نے کہا ہے کہ عدالت عظمی کا جلد فیصلہ کرنا پاکستان کے قومی مفادات کی ضرورت ہے، ملک کا نظام مفلوج ہوچکا ہے، اس وقت اصل توجہ اس قومی بحران کے حل پر ہونی چاہیے ، بحران جلد ازجلد ختم ہواور ملک واپس آئین کے راستے پر آئے، سیاسی استحکام بحال ہو اور معیشت کی سانس چل سکے، پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، پاکستان کے مفاد، آئین کو اولیت ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مارچ کے مہینے میں مہنگائی ایک بار پھر آسمان کو چھوتی رہی، سی پی آئی میں13 فیصد،51 بنیادی اشیا کی قیمتوں کے ایس پی آئی میں 13 فیصد، ہول سیل پرائس انڈیکس میں 24 فیصد کا قیامت خیز اضافہ ہوا۔

شہبازشریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی کہہ چکے ہیں کہ ٹماٹر پیاز کی قیمتیں چیک کرنے نہیں آیا، ایک ہفتے میں ٹماٹر کی قیمت میں 44 فیصداور پیاز کی قیمت میں 22 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا، ایک سال میں ٹماٹر کی قیمت 127 فیصد اور پیاز کی قیمت 43 فیصد بڑھی ہے، عوام منتظر ہیں کہ کوئی آئے اور ٹماٹر پیاز کی قیمت چیک کرے، انہیں ریلیف دلائے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ ہے اور مہنگائی عروج پر ہے، رمضان المبارک پر عوام کو سستی اشیا کی فراہمی کا کوئی انتظام نہیں، کوئی سستا بازار نمائشی طور پر لگا ہے تو وہاں بھی مہنگی اشیا مل رہی ہیں۔

شہبازشریف نے کہا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر بھی عوام کو مہنگی اشیا مل رہی ہیں، عمران نیازی اپنی کرسی بچانے، کرپشن بچانے اور نااہلی چھپانے کے لئے آئین توڑ کر اقتدار پر قابض ہیں، ان کا ہر روز اپنے اقتدار کے لئے ہے۔، کرنٹ اکاونٹ خسارہ 20 ارب ڈالر کی ملکی تاریخ کی بلند ترین اور خطرناک ترین سطح پر پہنچ چکا ہے، یہ ملک کے لئے سنگین علامات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ اور مالیاتی خسارہ بھی 4600 ارب ہوچکا ہے، تجارتی خسارہ 45 ارب ڈالر کی حد پار کرچکا ہے، ہر سال عمران نیازی کی حکومت نے ریکارڈ مالیاتی خسارہ کیا۔ شہبازشریف نے کہا ہے کہ یہ ہیں وہ اصل وجوہات جن سے نظریں چرانے کے لئے عمران نیازی ہر روز ایک نیا جھوٹ بولتا ہے، کبھی عالمی سازش کا جھوٹ اور کبھی ریاست مدینہ کے مقدس نام پر جھوٹ بولا گیا، عمران خان امر بالمعروف کو عوام کے خلاف اپنے گناہ چھپانے کے لئے ڈھال بناتا ہے، کبھی احتساب کے جھوٹ بولتا ہے۔