لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) صدر تحریک انصاف پنجاب شفقت محمود کا لاہور انتظامیہ کی جانب سے کنونشن کے انعقاد میں رکاوٹوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق روایتی لیت و لعل ترک کرکے کنونشن کے انعقاد کیلئے فوری ایوانِ اقبال کی فراہمی کا مطالبہ کردیا گیا ہے۔ صدر تحریک انصاف پنجاب شفقت محمود نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف 27 اپریل کو لاہور کا ایک روزہ دورہ کریں گے، دورہ لاہور کے دوران چئرمین تحریک انصاف کارکنان سے مخاطب ہوں گے۔
شفقت محمود نے بتایا کہ دو روز پہلے سے انتظامیہ کو باضابطہ طور پر تحریرا ایوان اقبال کی فراہمی کی درخواست کرچکے ہیں، مقامی انتظامیہ کسی پوشیدہ دبا کے باعث ورکرز کنونشن کے انعقاد کی اجازت دینے سے گریزاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ جلد فیصلہ کرے ورنہ متبادل رستے اپنائیں گے۔