اشرف بھٹی

شفاف انتخابات کیلئے اصلاحات پر مبنی فریم ورک تیار نہ ہوا تو حالات میں مزید بیگاڑ پیدا ہوگا’ اشرف بھٹی

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے پنجاب اور خیبر پختوانخواہ کی اسمبلیوں کی تحلیل کے اعلان پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مینڈیٹ کی توہین پر یقینا عوام بھی اس فیصلے سے خوش نہیں ہوں گے ،ملک کے حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ سیاسی جماعتیں ہیجانی کیفیت ختم کرنے کیلئے ایک میز پر بیٹھیں اور شفاف انتخابات کیلئے اصلاحات پر مبنی فریم ورک طے کرنے کے بعد اتفاق رائے سے عام انتخابات کااعلان کیا جائے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ایک طرف یہ دعویٰ کر رہی ہے کہ ملک کو موجودہ حالات سے باہر نکالنے کیلئے صاف اور شفاف انتخابات نا گزیر ہیں اور دوسری طرف حکومت یا اداروں سے بات کرنے کی بھی روادار نہیں ،اگر پنجاب اور خیبر پختوانخواہ میں نگران سیٹ اپ کیلئے حکومت اور اپوزیشن میںاتفاق رائے نہیں ہوتا تو اس کے بعد فیصلے کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہوگاجبکہ تحریک انصاف پہلے ہی الیکشن کمیشن کے کردار کو تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں ہے ،ایسے میں حالات میں سدھار کی بجائے مزید بیگاڑ پیدا ہونے کا امکان ہے ۔

اشرف بھٹی نے کہا کہ تحریک انصاف کو اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیے ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کو اپنی مدت پوری کرنے دی جائے اور اس دوران صاف اور شفاف انتخابات کیلئے اصلاحات پر مبنی فریم ورک مکمل کر کے ایک ایسا معاہدہ کیا جائے جس سے جو بھی حکومت اقتدار آئے تو اسے تمام جماعتیں کھلے دل سے تسلیم کریں اور اس کی مدت پوری ہونے میں کوئی رکاوٹیں حائل نہ ہوں ۔موجودہ حالات میں سیاسی جماعتیں ملک و قوم کے لئے ایک دوسرے کوفیس سیونگ دیں ۔