لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) مسلم لیگ(ن)پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے کہا ہے کہ شریف فیملی ہر فورم سے سرخرو اور تبدیلی ہر جگہ سے بدنام ہورہی ہے، حکومت کے ترجمان آج بھی آکر عمران خان کے قصیدے پڑھ رہے تھے آپکی ڈھٹائی کو سو توپوں کی سلامی ملنی چاہیے، عمران خان مسلسل 4 سال سے عالمی سرٹیفائیڈ کرپٹ ثابت ہورہے ہیں، جعلی صادق و امین کا اصل بھیانک چہرہ قوم کے سامنے آچکا ہے۔
عظمی بخاری نے ترجمان پنجاب حکومت کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شریف فیملی ہر فورم سے سرخرو اور تبدیلی ہر جگہ سے بدنام ہورہی ہے، شہبازشریف کو برطانیہ کی عدالت نے صادق و امین قرار دیا، نوازشریف، مریم نواز، حمزہ شہباز ہر محاذ پر سرخرو ہورہے ہیں۔
انکا کہنا ہے کہ عمران خان اور عثمان بزدار ناکامی کے تمام تمغے وصول کررہے ہیں، یہ مکافات عمل ہے، چور، چور کا شور مچانے والے خود سرٹیفکیٹ شدہ چور ثابت ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرایے کے ترجمانوں کے پاس عمران نیازی کی کسی چوری کا جواب نہیں، تبدیلی کی ڈوبتی کشتی سے سوار باری باری چھلانگیں لگانا شروع ہوگئے ہیں۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان نے کہا کہ شہزاد اکبر جیسے مہرے کی حقیقت بھی عیاں ہوگئی ہے، بنی گالہ سب مافیاز کی جائے پناہ بن چکا ہے۔