تنویر سرور۔۔
ڈائریکٹر جنرل ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے آواری ہوٹل لاہور میں 2-L وینڈ شاپ کے سٹاف اور محکمے کے اپنے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن افسر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
ڈائریکٹر ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ ریجن ڈی لاہور (کلکٹر ایکسائزاینڈٹیکسیشن) کو ڈائیریکٹر جنرل کی طرف سے تحریری طورپر حکم جاری کیا گیا ہے کہ وہ ای ٹی او ایکسائز لاہور ٹو (چوہدری اکرم) اور ایل ٹو وینڈ شاپ کے پرمٹ روم میں کام کرنے والے سٹاف کے خلاف FIR درج کروائیں۔
ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے یہ حکم ڈائریکٹر ریجن ڈی نعمان خالد کی طرف سے 16 نومبر 2022 کو آواری ہوٹل لاہور کی وینڈ شاپ پر کی جانے والی انسپکشن کی روشنی میں جاری کیا ہے۔انسپکشن رپورٹ میں ڈائریکٹر ایکسائز ریجن ڈی نے وینڈ شاپ کے پرمٹ روم میں ایسی خامیوں اور ایلیمنٹس کی تحریری نشاندہی کی تھی جو
Prohibition (Enforcement of Hadd) Order & Rules 1979
کے تحت قابل دست اندازی پولیس جرم کے زمرے میں آتے ہیں۔
دوسری طرف ذرائع نے ڈی جی ایکسائز کے اس حکم کو سابق ای ٹی او مسعود بشیر وڑائچ کی وینڈ شاپس میں مبینہ مداخلت کے خلاف بڑا اقدام اور مسعود بشیر کی شکست قرار دیا ہے۔ کیونکہ لاہور اور راولپنڈی کی وینڈ شاپس پر مذکورہ سابق اہلکار کا مکمل ہولڈ سمجھا جاتا ہے اور کہا جاتا ہے کہ اس کی مرضی کے بغیر شراب کی ایک بھی بوتل کسی مسلمان یا نان پرمٹ ہولڈر کو نہیں مل سکتی۔اور وینڈ شاپس پر شراب کی غیرقانونی فروخت اس کی مرضی اور اسی کی طے شدہ قیمت پر فروخت ہوتی ہے۔
ڈی جی ایکسائز کی طرف سے ہوٹل کے سٹاف اور ای ٹی او ایکسائز کے خلاف FIR درج کرنے کا حکم یہ بھی باور کرواتا ہے کہ ڈی جی ایکسائز نے مسعود بشیر وڑائچ اور اس کو سپورٹ کرنے والے صوبائی وزیر ایکسائز کے دباؤ میں نہ آنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے