شبھمن 10

شبھمن گل نے ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر ہونے پر خاموشی توڑ دی

نئی دہلی (رپورٹنگ آن لائن)بھارت کے اوپنر بیٹر شبھمن گل نے ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر ہونے پر خاموشی توڑ دی ہے اور کہاہے کہ سلیکٹرز کے فیصلے کی عزت کرتا ہوں ،مجھے یقین ہے ٹیم ہمارے لیے ورلڈ کپ جیت کر لائے گی۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کے بیٹر شبھمن گل گزشتہ دو ماہ سے انجری کے باعث ٹیم باہر ہیں اور انہوں نے آئندہ سال 50 اوور کے ورلڈ کپ کی تیاریوں پر نظریں مرکوز کی ہوئی ہیں۔شبھمن گل جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران گرن میں چوٹ لگنے کے بعد سے ٹیم سے باہر ہیں اور انہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف صرف تین ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلے ہیں تاہم اوپنر بیٹر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ میری زندگی میں مجھے جہاں ہونا چاہیے میں وہیں پر ہوں۔

انہوںنے کہاکہ جو بھی میری قسمت میں لکھا ہے، مجھے لگتا ہے کہ وہ چیز مجھ سے چھینی نہیں جا سکتی۔انہوں نے کہا کہ ایک کھلاڑی کے طور پر آپ کو یقین ہوتا ہے کہ آپ اچھا کھیل کر اپنی ٹیم اور ملک کو جیت دلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں سلیکٹرز کے فیصلے کی عزت کرتا ہوں، ان کا فیصلہ مجھے قبول ہے، میں ٹیـ20 ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ مجھے یقین ہے وہ ہمارے لیے ورلڈ کپ جیت کر لائیں گے۔واضح رہے کہ بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا ون ڈے اتوار کو وڈودرا میں کھیلا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں