اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2021ءسفارتی حوالے سے اہم سال تھا، ہم وزارت خارجہ کی کارکردگی کے والے سے مطمئن ہیں، وزارت خارجہ میں بہت ساری اصلاحات کی گئیں، افغانستان میں امن کےلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی، ہم افغانستان میں امن و استحکام چاہتے ہیں، نواز شریف عوام کا پیسہ واپس کریں،
پیر کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2021ءمیں خارجہ پالیسی کو جیو پالیٹیکس سے جیو اکنامکس پر منتقل کیا گیا، فلسطین کے مسئلے پر ہماری کوشش جاری رہے گی جبکہ مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمزپر اجاگر کرتے رہیں گے، ہم نے تمام ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات بہتر کرنے کی کوشش کی ہے، مسلم ممالک کے ساتھ ہمارے تعلقات بہترین اور مزید بہترین کےلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق پاکستان کے اقدامات کی تعریف ہوئی، موسمیاتی تبدیلی پر پاکستان نے دنیا کو لیڈ کیا، پاکستان کے کورونا کے خلاف اقدامات کی دنیا معترف ہے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ او آئی سی کے اجلاس کو بھرپور پذیرائی ملی،
اسلاموفوبیا کے مسئلے کو پاکستان نے اجاگر کیا، آج پوری دنیا میں اسلاموفوبیا پر ذکر ہو رہا ہے، 2021ءمیں اوورسیز پاکستانیوں کےلئے آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کی، اوورسیز پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، 2021 میں 85ملکوں سے دو طرفہ رابطے ہوئے، 35کے قریب انٹرنیشنل فورمز پر ہم نے حصہ لیا، 2021ءمیں دنیا بھر سے اعلیٰ سطحی 35وفود نے پاکستان کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سینٹرل ایشیاءکی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا، سینٹرل ایشیاءپر بھرپور توجہ دی جائے گی، افغانستان کے حالات پاکستان پر اثر انداز ہوتے ہیں، افغانستان سے 42ممالک کے لوگوں کے انخلاءمیں اہم کردار ادا کیا، افغانستان میں 15اگست کی تبدیلی کے بعد پاکستان کا کردار دنیا نے سراہا، ہماری افغانستان میں سیاسی تصفیے کی آواز کو پذیرائی ملی، پاکستان نے افغانستان کےلئے 5 ارب روپے دیئے،
افغانستان کا کوئی ملٹری حل نہیں، ہمیں اکنامک ڈپلومیسی کی جانب بڑھنا ہو گا، 2 ارب ڈالر کی نیا پاکستان سرٹیفکیٹ میں سرمایہ کاری کی گئی، ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف عوام کا پیسہ واپس کریں، عوام نواز شریف سے پراپرٹی سے متعلق سوال پوچھ رہے ہیں، نواز شریف وطن واپس آئیں، عوام کا پیسہ واپس کر کے جہاں جانا چاہیں جا سکتے ہیں، اگر ان کے پاس جواب نہیں ہے تو انہیں جیل جانا پڑے گا،شہباز شریف نے نواز شریف کی ضمانت دی تھی، اسلام آباد ہائیکورٹ کو معاملے پر از خود نوٹس لینا چاہیے