شاہ محمود قریشی

شاہ محمود قریشی سے فلسطینی وزیر خارجہ کی ملاقات ،باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے فلسطین کے وزیرخارجہ ریاض المالکی کیساتھ ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات ، فلسطین کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر خارجہ نے فلسطین کے وزیر خارجہ ریاض المالکی کو او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان تشریف آوری پر خوش آمدید کہا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، فلسطین کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور فلسطین کے درمیان سیاسی، اقتصادی و پارلیمانی روابط کے فروغ کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا ۔فلسطینی وزیر خارجہ نے فلسطین کی موجودہ صورتحال سے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا ۔وزیر خارجہ نے پاکستان کی قیادت اور عوام کی جانب سے فلسطین کی قیادت اور عوام کیلئے یکجہتی کا اظہار کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے، مسئلہ فلسطین کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کروائی اور اس دیرینہ مسئلے کے جلد منصفانہ حل کے مطالبے پر زور دیا ، ۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان، او آئی سی سمیت تمام عالمی فورمز پر مسئلہ فلسطین کیلئے آواز بلند کرتا آ رہا ہے، پاکستان، فلسطین کے حوالے سے اپنے اصولی اور واضح موقف پر کاربند ہے۔ انہوںنے کہاکہ فلسطین کے حوالے سے پاکستان کی پالیسی، پاکستانی عوام کے جذبات کی ترجمان ہے، فلسطینی وزیر خارجہ نے فلسطین میں جنگ بندی کیلئے پاکستان کے متحرک اور فعال کردار کو سراہتے ہوئے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔فلسطینی وزیر خارجہ نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کے کامیاب انعقاد اور پر خلوص میزبانی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔فلسطین کے وزیر خارجہ نے پچھترویں یوم پاکستان پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کو مبارکباد دی۔