ریاض( رپورٹنگ آن لائن)خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی عرب کی جانب سے تونس کوکووِڈ19ویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں مہیاکرنے کی ہدایت کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق انھوں نے تونسی صدر پروفیسر قیس سعید کی درخواست پر شاہ سلمان امداد اور ریلیف مرکز (کے ایس ریلیف)کوتونس کو کروناوائرس کی ویکسین کے علاوہ ادویہ اور طبی سامان بھی مہیا کرنے کا حکم نامہ جاری کیا تاکہ یہ غریب عرب ملک اس مہلک وبا کے اثرات سے نمٹ سکے۔
تونسی صدر نے ملک کو درپیش ابترمعاشی حالات کے پیش شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے فوری طبی امداد مہیا کرنے کی اپیل تھی۔واضح رہے کہ تونس میں حالیہ دنوں میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں اور اس سے ہلاکتوں کی تعدادمیں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور حکومت اپنے موجودہ وسائل کے ساتھ اس وبا سے نمٹنے سے قاصر ہے۔