فردوس عاشق اعوان

شاہی خاندان برطانیہ میں بیٹھ کر پاکستان کے عوام کو گمراہ کرنے میں مصروف تھا’فردوس عاشق اعوان

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شاہی خاندان برطانیہ میں بیٹھ کر پاکستان کے عوام کو گمراہ کرنے میں مصروف تھا،ویزے میں توسیع نہ ملنا ثابت کرتا ہے کہ ظل سبحانی سرٹیفائیڈ جھوٹے ہیں،ظل سبحانی کے جھوٹ کا پردہ چاک ہوگیاہے اوروزیر اعظم عمران خان کے موقف کی برطانیہ کے امیگریشن ڈیپارٹمنٹ نے تائید کر دی ہے،برطانیہ کی زمین ہر آنے والے دن انکے لئے تنگ ہو رہی ہے،(ن) لیگ افراتفری اور انتشار کا شکار ہے بہترین موقع ہے کہ بھگوڑے خاندان سمیت واپس آئیں اور اپنے کئے کا حساب دیں،جنہیںعوام کا درد ہوتا ہے وہ عوام کیساتھ کھڑے ہوتے ہیں،اللہ کی کرم نوازی سے یہ بے نقاب ہو رہے ہیں،یہ جہاں جہاں جارہے ہیں رسوائی انکا مقدر بن رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ عوام وزیراعظم عمران خان کو اپنا مسیحا مانتے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار پنجاب کے اندر نئے منصوبے پر کاربند ہونے جارہے ہیں۔عثمان بزدار ہر ضلع میںعوام کے حقوق کے ضامن بن کر ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکج کے ذریعے عوام کے دکھوں کا مداوا کر رہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے لاہور میں جو گھنائونا واقعہ پیش آیا اس پر نوٹس لیتے ہوئے 24گھنٹے کے اندر نہ صرف بچیوں کو بازیاب کرایا بلکہ ملزمان کے خلاف کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔ یہ وہ بدلتا ہوا، بڑھتا ہوا پنجاب ہے اور پاکستان کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔ پنجاب آگے بڑھے گا تو پاکستان آگے بڑھے گا۔ ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے مجھ سے ملاقات کی ہے اور میری ان سے تفصیلاً بات ہوئی ہے۔مجھے بتایا گیا ہے کہ وفاق کے اندر اہم ذمہ داری تفویض کی جارہی ہے۔ ٹیم کے کس کھلاڑی کو کہاں کھلانا ہے یہ کپتان کا استحقاق ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے مجھے جو بھی ذمہ داری دی میں نے اس کو احسن طریقے سے انجام دیا۔قیادت جو ڈیوٹی لگائے گی میں فرض سمجھ کر ادا کروں گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عون چوہدری کا استعفی دینا اور بیانیہ ٹی وی پر چلنا نامناسب اقدام ہے۔ ایشو کو میڈیا کی اسکرین پر لانے سے گریز کرنا چاہیے تھا اور مسئلے کو گھر کے اندر حل کیا جانا چاہیے تھا۔پارٹی کے اندر پارٹی بنانے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔ لوگ تعینات بھی ہوتے ہیں ڈی نوٹیفائیڈ بھی ہوتے ہیں۔

عون چوہدری پارٹی کے اہم رکن ہیں اور ان کی پارٹی کے لئے خدمات ہیں۔ میں توقع کرتی ہوں کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے پارٹی سے رشتہ مضبوط بنائیں گے اور ایسے باتوں سے گریز کریں گے جس سے ان کے اور پارٹی کے درمیان خلیج مزید بڑھے۔ وزیراعظم کا فیصلہ ہمارے لئے مقدم ہے۔ ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ میں نے 22سالہ سیاسی سفر میں بڑے نشیب و فراز دیکھے ہیں۔ عہدوں اور وزارتوں سے فرق نہیں پڑتا۔ فر ق آپ کے عزم اور کام سے لگن سے پڑتا ہے۔ میرا ماننا ہے کہ ہر آنے والا کل گزرے ہوئے کل سے بہتر ہوتا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ وزیراعلیٰ کا اعتماد مجھے آج بھی حاصل ہے اور وہ میری پارٹی اور حکومت کے لئے خدمات کا اعتراف کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ بہت جلد میری دعوت پر سیالکوٹ آ رہے ہیں۔ منتخب نمائندہ ہو یا غیر منتخب مجھے کسی سے کوئی خطرہ نہیں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان جہاںبھی کھیلی ہے ڈٹ کر کھیلی ہے۔وقت ثابت کرے گا کہ میں پارٹی اور ملک کی بہتری کے لئے ہی لڑی ہوں نہ کہ اپنی ذات کے لئے۔