کراچی(رپورٹنگ آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے قومی کرکٹر فواد عالم کو دوسروں کیلئے بہترین مثال قرار دے دیا۔جمیکا ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ناقابلِ شکست 124 رنز بنانے والے فواد عالم کیلئے شاہد آفریدی نے ایک ٹوئٹ شیئر کیا۔آئی سی سی کے ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے فواد عالم کو ٹیگ کیا اور سنچری کی مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ صبر اور تحمل مزاجی کا سفر فواد عالم نے خوب طے کیا، فواد نے ہمیشہ اپنے بلّے سے ناقدین کے منہ بند کروائے۔
سابق کپتان نے لکھا کہ اب اس طویل سفر کے بعد فواد عالم آخر کار پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ فواد عالم دوسرے لوگوں کیلئے بہترین مثال ہیں۔