شان مسعود

شان مسعود کو پی سی بی میں عہدہ ملنے پر شاہد آفریدی کا ردعمل

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود کو پی سی بی میں عہدہ ملنے پر سابق کپتان شاہد آفریدی کا ردعمل آگیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر سابق کپتان شاہد آفریدی نے شان مسعود کو پی سی بی میں کنسلٹنٹ برائے انٹرنیشنل کرکٹ اور پلیئرز افیئرز مقرر ہونے پر مبارکباد دی اور اسے بہترین انتخاب قرار دیا۔

انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی تعریف کی اور لکھا کہ ‘شان مسعود کو مبارکباد پیش کرتا ہوں یہ ایک بہترین انتخاب ہے۔’شاہد آفریدی نے تجویز دی کہ سابق وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد ڈومیسٹک کرکٹ کی قیادت کے لیے ایک مثالی امیدوار ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد ڈومیسٹک کرکٹ کی قیادت کرنے کے لیے بہترین ہیں، صرف کرکٹرز ہی اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے چیلنجز اور ضروریات کو صحیح معنوں میں سمجھتے ہیں۔سابق کپتان نے لکھا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے سوچ سمجھ کر اور مستقبل کے حوالے سے فیصلے کرتے ہوئے دیکھ کر بہت اچھا لگا۔واضح رہے کہ پی سی بی نے شان مسعود کو ذمہ داری تو دے دی لیکن یہ واضح نہیں کیا کہ وہ بطور ٹیسٹ کپتان برقرار رہیں گے یا نہیں۔