شاندار کارکردگی پرچوہدری اختر عباس سال کے بہترین افسر قرار

کامرس رپورٹر۔۔۔۔

ایف بی آر کے کارپوریٹ ریجنل ٹیکس آفس کی جانب سے مالی سال 2020-21میں اعلیٰ کارکردگی پر ایڈیشنل کمشنر انفورسمنٹ چوہدری اختر عباس کو 09بنیادی تنخواہوں کے برابر کیش ریوارڈ دینے کا علان کیا گیا ہے جبکہ چیف کمشنر سی آر ٹی او آمنہ حسن کی جانب سے گزشتہ مالی سال میں شاندار کارکردگی پر اختر عباس کواعزازی سرٹیفکیٹ بھی دیا گیا، اعلیٰ کارکردگی پر سنئیر افسران کی طرف سے ایڈیشنل کمشنر اختر عباس کی ایف بی آر اور ملک کے لئے خدمات کوسر اہا گیا۔تفصیل کے مطابق چوہدری اختر عباس کارپوریٹ ریجنل ٹیکس کے انفورسمنٹ ونگ میں تعینات ہیں جہاں پر ان کو سٹیل سیکٹر، رئیل اسٹیٹ سیکٹر ، کیمیکل مینوفیکچرنگ کمپنیز، اور او سے ایس تک کے الفابٹ تک کی کمپنیز سے ٹیکس اکٹھا کرنے کا ٹاسک دیا گیا جہاں پر انہوں نے بھر پور محنت سے بھاری ٹیکس اکٹھا کر کے گزشتہ سال کے ایف بی آر اہداف میں بڑاحصہ ڈالا ۔

چوہدری اختر عباس پاکستان بھر میں تمباکو سیکٹر کے حوالے سے کوآرڈینیٹرتھے جہاں پر انہوں نے بھاری مقدار میں سمگل شدہ سگریٹ کو قبضہ میں لیا اور غیر قانونی کاروبار میں ملوث لوگوں کے خلاف کارروائی کی ۔جس کی رپورٹ ماہانہ بنیادوں پر وزیر اعظم آفس کو بھجوائی جاتی تھی جہاں پر اختر عباس کی خدمات کا اعتراف کیا گیا ہے۔ اس سے قبل اختر عباس ایف بی آر کے انٹیلی جنس ونگ اور پنجاب حکومت کے محکمہ انفارمیشن اینڈ کلچر میں بطور ایڈیشنل سیکرٹری خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ اختر عباس کا تعلق سول سروس کے 35ویں کامن سے ہے۔
ایف بی آر کے سنئیر افسران کا کہنا ہے کہ چوہدری اختر عباس جیسے افسران محکمے کا اثاثہ ہیں،جنہوں نے ہمیشہ انتھک محنت کر کے نہ صرف بہترین کارکردگی کا اعزاز حاصل کیا بلکہ اختر عباس جیسے افسران کی وجہ سے محکمے اور ملک کو بے گناہ فائدہ ہوا ہے۔
سنئیر افسران نے توقع ظاہر کی ہے کہ چوہدری اختر عباس آنے والے سالوں میں ترقی پا کر ملک کے لئے مزید کام کریں گے۔