دمشق(رپورٹنگ آن لائن)شام کے عبوری صدر احمد الشرع نے کہاہے کہ اس وقت ریاست کی تعمیر نو کا غیر معمولی تاریخی نادر موقع ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق انھوں نے یہ بات قومی مکالمہ کانفرنس میں اپنے خطاب میں کہی۔
سیکڑوں شامی آج اس ایک روزہ کانفرنس میں شرکت کے لیے دمشق میں صدارتی محل پہنچ گئے۔ یہ عام افراد سرخ قالینوں پر چلے جو ماضی میں محض چند بڑی غیر ملکی شخصیات کے لیے مخصوص ہوتا تھا جو سابق صدر بشار الاسد سے ملاقات کے لیے شام کا دورہ کیا کرتے تھے۔
احمد الشرع نے اپنے خطاب میں کہا کہ شام نے خود کو خود سے آزاد کرایا ہے لہذا وہ اس لائق ہے کہ خود سے خود کی تعمیر کرے۔الشرع نے مختلف مسلح گروپوں کو ایک عسکری قیادت کے تحت متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔کانفرنس کے شرکا چھ ورکنگ گروپوں میں تقسیم ہو گئے تا کہ عبوری نظام اور آئین، ریاستی اداروں کی تعمیر اور ذاتی آزادی، مستقبل میں شام کے لیے معاشی ماڈل اور ملک میں سول سوسائٹی کے کردار کو زیر بحث لایا جائے۔
احمد الشرع کے خطاب کے بعد کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے شامی وزیر خارجہ اسعد الشیبانی نے بین الاقوامی پابندیوں پر تنقید کی اور کہا کہ یہ شامی عوام کے ارادے پر دبا کے ذریعے کے طور پر استعمال کی جا رہی ہیں۔اس موقع پر شرکا میں شامل ایک خاتون نے کھڑے ہو کر بلند آواز میں کہا الحمد للہ ، عوام کا محل عوام کے پاس واپس آ گیا !۔