صدر احمد الشرع

شام تمام فرقوں کے لیے صرف امن کا گہوارہ بنے گا ، احمد الشرع

دمشق( رپورٹنگ آن لائن) شامی صدر احمد الشرع نے کہا ہے کہ ان کا ملک صرف امن کا گہوارہ بنے گا۔شام کے روشن مستقبل کا آغاز اب ہو چکا ہے، آج سے ایک نئے شام کی تعمیر کا سفر شروع ہو گیا ہے۔

عرب ٹی وی سے گفتگومیں انھوں نے مزید کہا شام اب جنگ کا میدان نہیں بنے گا اور ہم اپنی قوم کو تقسیم نہیں ہونے دیں گے ،یہ وطن اپنے تمام شہریوں کا ہے، خواہ وہ کسی بھی فرقے سے تعلق رکھتے ہوں۔شامی صدر نے کہا کہ ہماری خوشی صرف پابندیاں ختم ہونے پر نہیں بلکہ عرب اقوام کے اتحاد اور ان کے ہمارے ساتھ کھڑے ہونے پر بھی ہے۔

انھوں نے زور دیا کہ شام نے اپنی جدید تاریخ میں ایک الم ناک مرحلہ گزارا ہے، جو اس نظام کے تحت تھا جس کا سقوط ہوا۔احمد الشرع نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران ہم نے اس تلخ حقیقت کا علاج کرنے کے لیے ترجیحات مقرر کیں جس کا شام شکار تھا . ہم بند دروازے کھولنے میں کامیاب ہوئے اور عرب و مغربی ممالک کے ساتھ اسٹریٹیجک تعلقات کے لیے راستے ہموار کیے۔

ان کا کہنا تھا ہم سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے پر عزم ہیں، اور ہم تمام سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتے ہیں کہ وہ دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔