شادی ہالز

شادی ہال مالکان کے لیئے بڑی خبر: پنجاب حکومت کاشادی ہالز، ہوٹل، ریسٹورنٹس کھولنے کا فیصلہ

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت ہونے والے کورونا کنٹرول کمیٹی کے اجلاس میں شادی ہالز، ہوٹل، ریسٹورنٹس اور سینما تھیٹرز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

‏اجلاس میں انڈسٹریز ، ہوٹل ، ریسٹورنٹس ، میرج ہال اور سینما تھیٹر کھولنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔ حتمی منظوری نیشنل کنٹرول اینڈ آپریشن سنٹر دے گا۔ پنجاب حکومت نے تمام سفارشات بھجوا دیں ہیں۔

اجلا س میں جم ، ان ڈور سپورٹس ، بیوٹی سیلون اور کلینک وغیرہ کھولنے کا فیصلہ بھی این سی او سی کی اجازت سے مشروط کردی گئی ہے۔ مری اور دیگر سیاحتی مقامات کھولنے کاحتمی فیصلہ بھی این سی او سی کرے گی۔

پنجاب میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کنسٹرکشن انڈسٹری سے متعلقہ دیگر کاروبار بھی کھول دئیے جائیں گے۔

تعلیمی ادارے کھولنے کے لئے کابینہ کمیٹی برائے کورونا کنٹرول کا خصوصی اجلاس بلایا جائے گا۔

پنجاب میں کورونا پازیٹو کیسز کی تعداد 2 سے 3 فیصد تک ہے۔

کررونا کے خدشےکے پیش نظر 3ہزار بیڈز بدستور مختص رکھے جائینگے۔

ہسپتال کررونا فری قرار دے کر معمول کی طبی خدمات کے لئے اوپن ہوں گے۔

تیئس اپریل دوہزار بیس کو کورونا وبا کے پھیلائو کے پیش نظر تمام ریسٹورنٹس سمیت شادی ہالز، تھیٹرز، سینما اور دیگر کاروبار بند کیے گئے تھے۔

شادی ہالز ایسوسی ایشن کی جانب سے کئی بار احتجاج بھی کیا گیا انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ حکومت ایس اوپیز کے تحت تمام کاروبار کھولنے کی اجازت دے۔

چند روز قبل تھیٹر فنکاروں کی جانب سے بھی قمیضیں اتار کر تھیٹرز کی بندش کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اسے کھولنے کا مطالبہ کیا تھا۔

ریسٹورینٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کو ایس او پیز کے تحت کھولنے کی اپیل کی تھی۔

اس سے قبل حکومت کی جانب سے کنسٹرکشن انڈسٹٓری کو ریلیف دیتے ہوئے ملحقہ کاروبار کو کھولنے کی اجازت دی تھی۔ اس کے علاوہ صبح نو بجے سے شام سات بجے تک گراسری سٹورز، سمیت دیگر کاروبار کھولنے کی اجازت دی گئی تھی۔