لاہور (رپورٹنگ آن لائن)ماضی کے معروف اداکار اسد ملک کا کہنا ہے کہ انہیں شادی میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، کبھی محبت نہیں ہوئی، والد کے انتقال کے وقت ان کے ساتھ نہ ہونے کا غم ساری زندگی رہے گا۔
ماضی کے معروف اداکار نے نجی ٹی وی کے پروگرا م میں گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہیں کبھی محبت نہیں ہوئی، ان کو شادی میں کوئی دلچسپی نہیں، اس کے بغیر زندگی گزاری جاسکتی ہے۔اسد ملک نے اپنی ذاتی زندگی کے ان تمام چیلنجز کا ذکر کیا جن کا انہوں نے 20 سال کی عمر میں اپنی والدہ کے انتقال کے بعد ان کا سامنا کیا۔والد کے ساتھ اپنے مضبوط رشتے سے متعلق انہوں نے کہا کہ والد نے والدہ کے گزر جانے کے بعد میرا بہت خیال رکھا، وہ ایک آفس میں کام کرتے تھے، لیکن دوپہر میں وقت نکال کے وہ میرے لیے کھانا بنانے آتے تھے۔
اسد ملک کا کہنا تھا کہ کچھ سالوں بعد والد کو اکیلا دیکھتے ہوئے میں نے خود ان کی دوسری شادی کروائی، میرے والد مجھے انکار نہیں کرسکتے تھے۔ایک سوال پر انہوں نے تسلیم کیا کہ وہ محبت میں گرفتار نہیں ہوئے، اس لیے وہ اس پر اپنی رائے کا خاص اظہار بھی نہیں کرسکتے، ساتھ ہی کہنا تھا کہ جب محبت کروں گا تو اس پر بات کرنے کے قابل بھی ہوں گا۔اسد ملک کا کہنا تھا کہ ان کو بچے پسند ہیں لیکن وہ شادی کی ذمہ داریوں سے اجتناب کرتے ہیں.
شادی کا مطلب ہے کسی کی بیٹی لا، اسے اپنا وقت دو، اس کا خیال رکھو، اس نقطہ نظر سے میں خود کو نہیں سمجھتا کہ میں یہ ذمہ داریاں اٹھا سکوں، میں ذمہ داریوں سے بھاگ نہیں رہا، اس کیلئے قربانیاں دینی ہوتی ہیںجس کیلئے میں تیار نہیں ہوں۔انہوں نے کہا کہ وہ شوبز سے بھی بریک لے چکے ہیں، کیونکہ انہوں نے پی ایچ ڈی کرنا تھا۔ اسد ملک نے اپنے والد کے آخری وقت میں ان کے پاس موجود نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور اسے زندگی میں کبھی ختم نہ ہونے والا غم قرار دیا۔