برسبین (ر پورٹنگ آن لائن)آسٹریلیا میں موجود شاداب خان بائیو قوانین کی وجہ سے ساتھی کھلاڑیوں کو جوائن نہ کر سکے ، ایک ہفتہ تنہارہیں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستانی وائٹ بال نائب کپتان شاداب خان بگ بیش میں سڈنی سکسرز کی جانب سے ڈیبیو کرچکے ہیں تاہم بائیوببل قوانین کی وجہ سے وہ فوری طور پر باقی ساتھی کھلاڑیوں کو جوائن نہیں کرسکتے۔ان کیلئے کم سے کم ایک ہفتے سب سے الگ رہنا ضروری ہے، اسی لیے بدھ کو برسبین ہیٹ کیخلاف میچ میں بھی انھیں الگ ڈریسنگ روم میں بٹھایا گیا،ان کے فیلڈ میں ساتھی کھلاڑیوں کے ہمراہ خوشیاں منانے پر بھی پابندی تھی، گوکہ شاداب کی ٹیم 2 وکٹ سے فتحیاب رہی مگر وہ خود 4 اوورز میں 27 رنز دینے کے باوجود وکٹ سے محروم رہے،
اسی طرح نویں نمبرپربیٹنگ کے دوران 9 بالز پرمحض8 رنز بنائے۔مقابلے سے قبل شاداب نے کہا کہ میں ہمیشہ ہی آسٹریلیا میں کھیلنا پسند کرتا ہوں، بگ بیش مختلف ایونٹ اور کنڈیشنز کافی مشکل ہیں، یہاں پر آپ کو سیکھنے کو بہت کچھ مل سکتا ہے، میں سکسرز کا حصہ ہونے کی وجہ سے کافی پرجوش ہوں۔ٹیم سے الگ رہنے کے حوالے سے شاداب نے کہاکہ یہ واقعی کافی عجیب ہے تاہم دنیا میں اس وقت اور بھی کئی عجیب چیزیں ہورہی ہیں، مجھے امید ہے کہ جلد ہی ٹیم کو جوائن کرلوں گا۔ یاد رہے کہ اب تک شاداب خان کے متعدد پی سی آر ٹیسٹ ہوچکے جوسب کلیئر آئے ہیں۔