وزیرریلوے

سی پیک کے تحت ایم ایل ون کی تعمیر و ترقی پاکستان میں نقل وحمل میں انقلاب برپا کر دے گی،وزیرریلوے

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) وزیرریلوے اعظم خان سواتی نے کہا کہ سی پیک کے تحت ایم ایل ون کی تعمیر و ترقی پاکستان میں نقل وحمل میں انقلاب برپا کر دے گی، ایم ایل ون گیم چینجر منصوبہ ہے اور اس کی پاکستان میں تعمیر کےلئے پوری قوم چینی صدر شی جن پھنگ کی شکر گزار ہے، پیر کو پاکستان میں چینی سفارت خانے ،چائنا اکنامک نیٹ اور پاکستان چین انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام چین پاکستان اکنامک کوریڈور اورمیڈیا فورم کا ، ورچوئل انعقاد کیا گیا ۔

اس فورم میں ڈیجیٹل میڈیا تعاون پر تفصیلی بحث اور تبادلہ خیال کیا گیا کیو نکہ سی پیک کی اعلی معیار کی ترقی اور چین پاکستان میڈیا تعاون ایک دوسرے کیلئے انجن کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ تقریب میں پاکستان اور چین سے تعلق رکھنے والے مقرر ین نے شرکت کی جس میں میڈیا کی شرکت اور COVID کے بعد اس کے مثبت کردار کی تعریف کی گئی۔

پاکستان کی طرف سے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، وفاقی وزیر ریلوے سینیٹر اعظم خان سواتی ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان،سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی اور پا ک چین انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید ، چین میں تعینات پاکستان کے سفیر معین الحق ،وزارت خارجہ میں ڈائریکٹر جنرل(چین ) مدثر ٹیپو ، اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاک چین انسٹی ٹیوٹ مصطفی حیدر سید شریک تھے جبکہ چین کی جانب سے اکنامک ڈیلی کے صدر اور چیف ایڈیٹر چنگ چھنگ ڈونگ ، آل چائنا جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو سکریٹری تیان یوہونگ ، پاکستان میں تعینات چینی سفیر نونگ رونگ، شنہوا نیوز ایجنسی کے چیف ایڈیٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر نی سی ای ،ژا کیاﺅ ، ڈائریکٹر ، شعبہ اردو ، سی ایم جی ایشین اینڈ افریقین لینگویجز سنٹر ، سی سی ٹی وی چاو چھاو شریک تھے۔

فورم سے خطاب کرتے ہوئے اعظم سواتی نے کہا کہ سی پیک کے تحت ایم ایل ون کی تعمیر و ترقی پاکستان میں نقل وحمل میں انقلاب برپا کر دے گی، ایم ایل ون گیم چینجر منصوبہ ہے اور اس کی پاکستان میں تعمیر کےلئے پوری قوم چینی صدر شی جن پھنگ کی شکر گزار ہے، ایم ایل ون سے نہ صرف لوگوں کی نقل وحمل میں آسانی ہو گی بلکہ یہ تجارت کےلئے بھی موثر کردار ادا کے گا، ایم ایل ون پر تیزی سے پیشرفت جاری ہے اور اس سے مقامی لوگوں کو روز گار کے بہترین مواقع بھی میسر آئیں گے۔