سی پیک منصوبے

سی پیک منصوبے سے علاقائی رابطوں کو فروغ حاصل ہوگا،سینیٹر شبلی فراز

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے سے علاقائی رابطوں کو فروغ حاصل ہوگا،سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت منصوبوں بلخصوص زراعت کے حوالے سے منتظر ہیں ‘ہم زراعت کے شعبے کو ترقی دینے ، فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کرنے کے حوالے سے چینی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، ثقافتی روابط کو فروغ دینے کےلئے فلم کے شعبے میں تعاون پر توجہ مرکوز کرنےکی ضرورت ہے۔

بدھ کو وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز سے چین کے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی،جس میں وزیر اطلاعات نے میڈیا اور ثقافت کے شعبوں میں پاکستان اور چین کے مابین تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فرازنے کہا کہ ثقافتی روابط کو فروغ دینے کےلئے فلم کے شعبے میں تعاون پر توجہ مرکوز کرنےکی ضرورت ہے، پاکستانی فلم “پرواز ہے جنون” کا اجرا چین میں 13نومبر کو ہوا جسے چینی ناظرین اور فلم کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے پروفیشنلز نے سراہا ہے، ہم فلم کے شعبے میں تعاون کو مستحکم بنانے کو خواہاں ہیں‘فلم کسی بھی معاشرے کی بنیادی اقدا ر اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ ہوتی ہے۔

وفاقی وزیر نے فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی چین کے سفیر سے ملاقات کی خواہش سے آگاہ کیا تا کہ اس شعبے میں تعاون پر تبادلہ ہوسکے۔شبلی فراز نے مزید کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) ایک اہم منصوبہ ہے اس سے علاقائی رابطوں کو فروغ حاصل ہوگا،ہم سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت منصوبوں بلخصوص زراعت کے حوالے سے منتظر ہیں ‘ہم زراعت کے شعبے کو ترقی دینے ، فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کرنے کے حوالے سے چینی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں ۔

وفاقی وزیر نے جدید میڈیا تصورات میں میڈیا سے وابستہ افراد کی تربیت کی تجویز پیش کی ۔اس موقع پر چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ چین دونوں ممالک کے مابین میڈیا تعلقات کو بڑھانے کےلئے ہر ممکن تعاون کریگا، چین کویڈ 19کم ہونے کے بعد پاکستانی میڈیا وفد کو چین کے مختلف شہروں کے دورے پر لانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ چینی سفیر نے دونوں ممالک کے میڈیا کے مابین قریبی ہم آہنگی پر بھی زور دیا تاکہ سی پیک منصوبوں کے بارے میں منفیت کو ختم کیا جاسکے۔

وزیر اطلاعات نے اس موقع پر اپنے چینی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی تاکہ میڈیا اور اطلاعات کے شعبوں میں تعاون کو مزیدفروغ دینے کے مواقع تلاش کیے جاسکیں۔دونوں فریقین نے جاری تعاون کو مستحکم کرنے کے لئے مستقل رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں وزارت اطلاعات و نشریات کے اعلی حکام شریک تھے۔