رونن بار

سیکیورٹی چیف کی برطرفی، اسرائیلی کابینہ کی نیتن یاہو کے فیصلے کی توثیق

تل ابیب(رپورٹنگ آن لائن)اسرائیلی کابینہ نے داخلی سیکیورٹی ایجنسی شن بیت کے سربراہ رونن بار کی برطرفی کے وزیرِ اعظم نیتن یاہو کے فیصلے کی توثیق کر دی،اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو نے داخلی سیکیورٹی چیف رونن بار کو عدم اعتماد کی وجہ سے برطرف کرنے کا اعلان کیا تھا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے حماس کے 7 اکتوبر 2023 کو ہونے والے حملے کا اندازہ لگانے میں ناکامی پر قومی سلامتی کی سروس کے سربراہ رونن بار کو برطرف کیا تھا۔رونن بار پر مبینہ طور پر ایک غیر ملکی اخبار کو خفیہ دستاویز لیک کرنے کا الزام بھی تھا۔

اسرائیلی کابینہ نے گزشتہ روز رونن بار کی برطرفی کی باضابطہ طور پر منظوری دے دی، جس کے بعد شن بیت کے سربراہ 20 اپریل کو اپنے عہدے سے برطرف ہو جائیں گے۔ انہیں اکتوبر 2021 میں شن بیت کے سربراہ کے طور پر 5 سالہ مدت کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔