عطا اللہ تارڑ 28

سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے کراچی کو تباہی سے بچالیا، وزیر اطلاعات

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے کراچی کو تباہی سے بچالیا، بروقت کارروائی کر کے خاتون کو راستے میں ہی گرفتار کر لیا گیا۔

نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی ایل اے ذہن سازی کر کے لوگوں کو دہشت گردی کے لیے استعمال کرتی ہے، بی ایل اے ماہ رنگ بلوچ کی مکمل حمایتی ہے۔عطا تارڑ نے کہا کہ نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، دہشت گردی کے مواد پر زیرو ٹالرنس ہے، بی ایل اے کا مقصد پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا گراؤنڈ سے خاتمہ ہو رہا ہے، سوشل میڈیا سے بھی ہو گا۔اس سے قبل وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے انکشاف کیا تھا کہ دہشت گرد تنظیمیں بلوچ بچیوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے خودکْش بمبار بنانے کی تربیت دیتی ہیں، والدین بچوں کے سوشل میڈیا کے استعمال پر نظر رکھیں۔

کراچی میں اے آئی جی سی ٹی ڈی آزاد خان اور کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے ایک بچی سے رابطہ کیا گیا، دہشت گردوں نے بچی کی ذہن سازی کی۔انہوں نے کہا کہ بچی کو خودکش بمبار بننے کے لیے تیار کیا گیا، سیکیورٹی اداروں نے بچی کو خودکش بمبار بننے سے بچا لیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں