راولپنڈی (رپورٹنگ آن لائن)سیکورٹی فورسز نے ہفتہ کوصوبہ خیبر پختونخواہ میں دو آپریشنز کے دوران 15 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکورٹی فورسز کی جانب سے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ہتھالہ میں انٹیلی جنس معلومات پر مبنی آپریشن کیا گیا۔
آپریشن کے دوران بہادر اہلکاروں نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طور پر نشانہ بنایا اور اس کے نتیجے میں 9 خوارج بشمول خارجی گروپ کے لیڈر فرمان عرف ثاقب، خارجی امان اللہ عرف طوری، خارجی سعی عرف لیاقت اور خارجی بلال کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
مارے گئے خوارج علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے۔شمالی وزیرستان کے ضلع میران شاہ کے علاقے میں کیے گئے ایک اور آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے 6 خوارج کو بھی جہنم واصل کر دیا۔تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران لیفٹیننٹ محمد حسن ارشف (عمر: 21 سال، ساکن ضلع لاہور) اپنے دستوں کی فرنٹ سے قیادت کرتے ہوئے انتہائی بہادری سے لڑے اور اپنے تین جوانوں کے ساتھ شہادت کو گلے لگا لیا۔
جان کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکاروں میں نائب صوبیدار محمد بلال (عمر: 39 سال، رہائشی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان)، سپاہی فرحت اللہ (عمر: 27 سال، رہائشی ضلع لکی مروت ) اور سپاہی ہمت خان (عمر: 29 سال، ضلع مہمند کا رہائشی) شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی خارجی کے خاتمہ کے لیے کلیئرنس آپریشن کیے جا رہے ہیں ۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔