اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی فراہمی ممکن بنا کر پاکستان کے ہر شہری تک اس کی رسائی یقینی بنائی جا سکتی ہے۔
انڈسٹری گول میز کانفرنس میں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ یہ کانفرنس مستقبل کی ڈیجیٹل پالیسیوں کی بنیاد رکھنے والی مشاورت ہے، انٹرنیٹ اب صرف سہولت نہیں بلکہ ایک لائف لائن اور قومی ترقی کا بنیادی جزو ہے۔انہوں نیکہا کہ ایس سی او اور یو ایس ایف جیسے ادارے دور دراز علاقوں تک انٹرنیٹ کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ سیٹلائٹ کے ذریعے انٹرنیٹ کی فراہمی ممکن بنا کر پاکستان کے ہر شہری تک رسائی یقینی بنائی جا سکتی ہے، ڈیجیٹل معیشت، ڈیجیٹل سوسائٹی اور ڈیجیٹل گورننس کے لیے ڈیجیٹل نیشن ایکٹ کی منظوری سنگ میل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا وژن ڈیجیٹل پاکستان کی تشکیل ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر عملی اقدامات کیے، وزیراعظم ہر ہفتے کیش لیس اکانومی پر ٹاسک فورس اجلاس کی صدارت کرتے ہیں۔
انہوں نیکہا کہ ڈیجیٹل ترقی کا خواب تب ہی پورا ہوگا جب ہر شہری کے پاس قابل اعتماد اور مستحکم انٹرنیٹ دستیاب ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ متحدہ حکمت عملی کے تحت انویسٹر میپنگ کے ساتھ اشتراک وقت کی اہم ضرورت ہے، سرمایہ کاروں کے اعتماد کے لیے فیڈ بیک لوپس مکمل اور تیز رفتار طریقہ کار مؤثر ہونا چاہیے، عوامی آگاہی اور صلاحیتوں کی تعمیر پر بھی مکمل توجہ دینا ہوگی۔