اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ سینیٹر شیری رحمان نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے پیدا ہونے والی ممکنہ صورتحال کے پیش نظر پیشگی تیاری اور فوری ردعمل کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ پیر کو اپنے ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جس کے مطابق آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ لاہور، سیالکوٹ اور نارووال میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
سندھ، شمال مشرقی بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور کہیں کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے،بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔ دریائے چناب، راوی اور ستلج میں بھی درمیانے درجے سے اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔ شہری اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شہری مراکز میں سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں کے لیے ہنگامی ٹریفک پلان کو یقینی بنائیں، اس میں سیلاب زدہ انڈر پاسز کیلئے فوری طور پر ڈی واٹرنگ آپریشن شامل ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ تمام ضلعی انتظامیہ کو دریا کے آس پاس کے علائقوں میں پیشگی تیاری اور فوری ردعمل کو یقینی بنانا چاہیے، تمام متعلقہ اداروں اور سٹیک ہولڈرز کو فوری تعاون کو یقینی بنانے کے لیے فعال رابطہ برقرار رکھنا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ25 جون سے اب تک بارشوں کے مختلف واقعات میں 68 اموات ہوئیں اور 79 مکانات کو نقصان پہنچا ہے، شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ہدایات پر عمل کریں اور احتیاط برتیں۔