اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)پیپلزپارٹی کی رہنماءسینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ تیل وخوراک کے درآمدی بل میں جولائی تا دسمبر 73فیصد اضافہ ہوا ، تیل اور خوراک کا درآمدگی بل 8.67بلین ڈالر تھا جواب 14.97بلین ڈالر ہوگیا ۔
منگل کوپیپلزپارٹی کی رہنماءسینیٹر شیری رحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعدادوشمار قابل تشویش ہے درآمدی بل میں اضافے سے غذائی قلت سے متعلق سوالات جنم لے رہے ہیں سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ مجموعی درآمدی بل 66فیصد بڑھ کر 40.65بلین ڈالر تک پہنچ گیا ہے مجموعی درآمدی بل سال پہلے 24.45بلین ڈالر تھا ان کا مزید کہنا تھا کہ درآمدی بل اضافے سے تجارتی خسارہ 24.79بلین ڈالر کی تشویشناک حد تک بڑھ گیا جن اشیاءمیں ملک خود کفیل تھا وہ بھی امپورٹ ہورہی ہے ایسا لگ رہا ہے کہ ملک بغیر کسی پالیسی کے چل رہا ہے ۔