اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے گیس بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اطلاعات ہیں کہ سنگاپور کی کمپنی پاکستان کو 10 جنوری کو ایل این جی کارگو نہیں ڈلیور کر سکے گی، نومبر میں بھی اس کمپنی نے کارگو نہیں فراہم کیا تھا، حکومت وضاحت کرے ڈیفالٹ کمپنی کے ساتھ دوبارہ کیسے معاہدہ کیا گیا؟
ا پنے ایک بیان میں شیری رحمان نے کہا پہلے ہی ان کی نااہلی کی وجہ سے ملک میں گیس کا شدید بحران ہے، جنوری میں گیس کی طلب سب سے زیادہ ہوتی ہے، ایک ایل این جی کارگو کی تاخیر سے حالیہ گیس بحران مزید بدتر ہو جائے گا، تاریخ کی مہنگی ترین ایل ان جی خریدنے کے باوجود تباہی سرکار گیس کی فراہمی کو یقینی نہیں بنا سکی، گھریلو صارفین کے ساتھ صنعت کو بھی گیس کی فراہمی معطل ہے۔