شرجیل انعام میمن

سینیٹر تاج حیدر برج کراچی کے شہریوں کیلیے پیپلز پارٹی کی حکومتِ سندھ کا عظیم منصوبہ ہے، سینئر وزیر سندھ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سینیٹر تاج حیدر برج کراچی کے شہریوں کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومتِ سندھ کا ایک عظیم منصوبہ ہے، یہ برج بی آر ٹی لائن کا حصہ ہے جو کم عرصے میں مکمل کیا گیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ سینٹر تاج حیدر برج کے ساتھ ایک اور برج بھی تعمیر کیا جا رہا ہے جس کے بعد کل آٹھ لینز مکمل ہو جائیں گی، سینٹر تاج حیدر پل منصوبے میں سائیکل سواروں کے لیے بھی علیحدہ ٹریک بنایا گیا ہے تاکہ وہ محفوظ طریقے سے سفر کر سکیں اور ٹریفک میں رکاوٹ نہ ہو۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومتِ سندھ اس وقت بی آر ٹی کے مختلف منصوبوں پر بھرپور انداز میں کام کر رہی ہے، یہ منصوبہ کورنگی سمیت دیگر علاقوں کے شہریوں کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہوگا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ کراچی میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹرانسپورٹ اور جدید سڑکوں کا نظام فراہم کیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش ٹریفک کے مسائل کم ہوں۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت میں شہر کی کنیکٹیوٹی بہتر بنانے کے لیے تیزی سے کام کر رہی ہے، تاکہ شہری کم خرچ میں ایئر کنڈیشن بسوں کے ذریعے آرام دہ سفر کر سکیں۔شرجیل انعام میمن نے اپنے وڈیو بیان میں مزید کہا کہ یلو لائن منصوبے کے تحت ای وی بسز متعارف کرائی جا رہی ہیں، جن کے ذریعے ماحولیاتی بہتری اور سفری سہولتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔