اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما و سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ حکومت اب اسپتالوں کی سپلائی پر بھی سیلز ٹیکس کی وصولی کرے گی، سیلز ٹیکس سے اسپتالوں کی آپریشنل لاگت اور علاج معالجہ شدید متاثر ہوگا،
ہفتہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ ٹوئٹ پیغام میں سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ حکومت نے کورونا کے دوران اسپتالوں کے ضروری سامان بشمول آلات پر 17فیصد سیلز ٹیکس لگا دیا ہے، سیلز ٹیکس سے صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں مہنگائی کا سونامی آئے گی، جس سے ملک کے زیادہ کمزور طبقے متاثر ہوں گے،
انہوں نے کہا کہ سیلز ٹیکس سے اسپتالوں کی آپریشنل لاگت اور علاج معالجہ شدید متاثر ہوگا، سیلز ٹیکس ایکٹ 1990کے چھٹے شیڈول سے اندراج نمبر 52-Aکے اخراج نے صحت کے شعبے کا پورا منظر نامہ تبدیل کر دیا ہے، شیری رحمان نے مزید کہا کہ اسپتالوں کی سپلائی پر بھی حکومت اب سیلز ٹیکس کی وصولی کرے گی جس سے علاج کی لاگت میں شدید اضافہ ہوگا، اس تباہی کو نام نہاد صحت کارڈ بھی نہیں روک سکے گا۔