لاہور(رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کے نقصانات کے ازالے سروے کے حوالے سے شکایات کیلئے بھی فورم ہونا چاہیے ،جن کسانوں کے لائیو سٹاک کا نقصان ہوا ہے اسے اچھی نسل کے جانوروں کی فراہمی کے ذریعے پورا کیا جانا چاہیے ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سروے مکمل ہونے پر بلا تاخیر امداد کی فراہمی کا آغاز کر دیا جائے ،حکومت کے زیر اہتمام زرعی بینک اور نجی بینکوں کوبھی پابند کیاجائے کہ وہ سیلاب متاثرین کے لئے بلاسود اور آسان شرائط پر قرض کی اسکیمیں لائیں ۔
اگر سیلاب سے تباہ حال کسان کو پائوں پر کھڑا کرنے میں کامیاب ہو گئے تو زرعی معیشت بچ جائے گی بصورت دیگر بہت نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے نقصان کے ازالے کے لئے اعلان کردہ امداد کی رقم انتہائی کم ہے اس لئے اس پر نظر ثانی کی جائے ۔