امیر مقام

سیلاب متاثرین کےلیے وفاقی حکومت کی جانب سے معاوضے اور امداد کا سلسلہ جاری ہے، آخری سیلاب متاثرہ شخص کی بحالی تک کوششیں جاری رہیں گی، امیر مقام

سوات(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر سیلاب متاثرین کےلیے وفاقی حکومت کی جانب سے معاوضے اور امداد کا سلسلہ جاری ہے، خیبر پختونخوا کے آخری سیلاب متاثرہ شخص کی بحالی تک حکومتی کوششیں جاری رہیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز سوات کے سیلاب متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف، آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر اور انہوں نے خود 17 اگست کو بونیر، سوات، باجوڑ، شانگلہ اور صوابی میں سیلاب آنے کے فوراً بعد متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے دورے میں بونیر کے سیلاب متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کیے اور خیبر پختونخوا کے سیلاب سے جاں بحق ہونے والوں کے ورثا کےلیے 20، 20 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر سیلاب متاثرین کےلیے وفاقی حکومت کی جانب سے معاوضے اور امداد کا سلسلہ جاری ہے، خیبر پختونخوا کے آخری سیلاب متاثرہ شخص کی بحالی تک حکومتی کوششیں جاری رہیں گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سیلاب سے جانی و مالی نقصانات کے علاوہ خیبر پختونخوا میں بجلی، گیس اور سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو بھی بہت زیادہ نقصان پہنچا ۔

انہوں نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو وفاقی، خیبر پختونخوا یا ضلعی حکومتوں کے دائرہ اختیار میں آنے والی تمام متاثرہ سڑکوں کی بحالی کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی سپلائی بحال کر دی گئی ہے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے سوات اور خیبر پختونخوا کے دیگر سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں سڑکوں سمیت تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے پر کام تیزی سے جاری ہے۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان نے اس سال مئی میں آپریشن بنیان مرصوص میں تمام محاذوں پر بھارت کو شکست دے کر عظیم کامیابی حاصل کی ، پاکستان کی فوجی طاقت کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے،پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے نے بھی پاکستان کی فوجی طاقت کی تصدیق کی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اہم ملاقات کے موقع پر وزیراعظم کا امریکا میں تاریخی استقبال کیا گیا، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران بھی عالمی رہنماؤں نے پاکستانی وزیراعظم کا گرم جوشی سے استقبال کیا ،وزیر اعظم نے وہاں علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر پاکستان کے مؤقف کو انتہائی مؤثر انداز میں پیش کیا۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیر اور فلسطین کے مسائل کو بہادری سے اجاگر کرتے ہوئے کشمیریوں اور فلسطینیوں کے دل جیت لیے۔ سیلاب متاثرین نے امداد اور معاوضے کے چیک فراہم کرنے پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا شکریہ ادا کیا۔