شاہ محمود قریشی

سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے بین الاقوامی ڈونرز کا اجلاس بلایا جائے ،شاہ محمود

ملتان(رپورٹنگ آن لائن)تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سیلاب کی خوفناک تباہی قومی اور سیاسی غفلت کا نتیجہ ہے جس سے آزمائشوں میں مزید اضافہ ہوا ہے،

حکومت کو بین الاقوامی ڈونرز کا اجلاس بلانا چاہیے، ہفتہ کو ملتان میں حضرت بہاﺅ الدین زکریا ملتانی کے 783ویں 3 روزہ عرس میں زکریا کانفرنس کی دوسری نشست میں زائرین سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سیلاب سے پنجاب کا بیشتر حصہ پانی میں ڈوب چکا ہے جبکہ جانی اور مالی نقصان بھی ناقابل تلافی ہونے پر افسوس ہے لیکن اس کے باوجود حکومت سیلاب کے نقصان کے ازالے اور متاثرین کو ریلیف دینے کے حوالے سے مناسب اقدامات نہیں کر رہی ہے،

انہوں نے کہا کہ سیلاب کی تباہی کے باعث بلاول بھٹو زرداری کو بین الاقوامی ڈونرز کا اجلاس بلانا چاہیے تاکہ سیلاب متاثرین کے مکانات کی تعمیر نو اور بحالی کا کام شروع ہوسکے،عرس کی دوسری نشست کے اختتام پر شاہ محمود قریشی نے ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعا کی اور حضرت بہاﺅ الدین زکریا کے مزار پر حاضری بھی دی۔